اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
پارٹی رہنماؤں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اس مرتبہ بھرپور تیاری کے ساتھ آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے حکمرانوں نے 80 ہزار پاکستانیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا کیونکہ کسی اور کی جنگ میں شامل ہوئے اور ملک بھی تباہ ہوا اور قبائلی علاقوں میں 400 ڈرون حملے ہوئے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو مخاطب کرکے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری دونوں غلام ہیں جن کا پیسہ ملک سے باہر ہے، ان دونوں نے ڈرون حملوں کی اجازت دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب موجودہ حکومت گندم اور تیل لینے کی بات کررہی ہے جبکہ ہم 5 ماہ قبل ہی کرچکے تھے لیکن سازش کے ذریعے ہمارے حکومت ختم کردی گئی۔