ایاز امیر کی ممکنہ گرفتاری، رگڑے کی حکومتی تیاری؟

اسلام آباد( اُمت نیوز)بیٹے کے ہاتھوں بہو کے قتل کے بعد ممتاز صحافی ایاز امیر کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ۔ اب سوشل میڈیا پر یہ تبصرے شروع ہوگئے ہیں کہ اس کیس کی آڑ میں ایاز امیر کو گرفتار کرکے حکومت اپنا حساب برابر کرنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پولیس کی درخواست پرایاز امیر اور ان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایاز امیر ماضی میں دو مرتبہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں تاہم اب انھوں نے سیاست ترک کر کے فل ٹائم تجزیہ کاری شروع کر رکھی ہے۔ ایاز امیر کا شمار حکومت کے شدید ترین ناقدین میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا تاثر اب عمران خان اور تحریک انصاف کے حامی کے طور پر ابھر رہا ہے ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بہو کے قتل کیس میں ایازامیر کی ممکنہ گرفتاری اسی سلسلے کی کڑی ہو سکتی ہے جس کے ذریعے حکومت کے ہاتھ اپنے ایک مخالف کو رگڑا لگانے کا موقع آ جائے گا حالانکہ حکومت اور انتظامیہ کو بخوبی معلوم ہے کہ ایاز امیر کا اپنے بیٹے سے اب باقاعدہ رابطہ نہیں تھا اور واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا تھا کہ یہ سب ان کیلئے ناقابل یقین تھا۔