اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا پر آنے والے اخراجات سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں۔
ذرائع پی ایم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نے دورہ امریکا پر سرکاری خزانے سے کوئی خرچہ نہیں کیا، شہباز شریف نے نہ صرف اپنے بلکہ وفد میں شامل وزرا کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ شہبازشریف نےبطور وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری دوروں پرآنے والے اخراجات بھی ذاتی جیب سے ادا کیے تھے۔
وفد میں شامل ارکان ذاتی جیب سے خرچہ کر رہے ہیں.حنا پرویز بٹ
ادھر مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل ارکان ذاتی جیب سے خرچہ کر رہے ہیں.
اپنے ایک ٹویٹ میں حنا پرویز بٹ نے کہا ‘جو وزیراعظم شہباز شریف کے امریکی دورے کے اخراجات بارے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں ان کو بتاتی چلوں کہ شہباز شریف اور ان کی ٹیم جہاں رکے، سب نے سرکاری خزانے سے نہیں بلکہ اپنی جیب سے اخراجات برداشت کیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے ‘ جھوٹ’ پھیلانا بند کیا جائے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی امریکا گئی تھیں۔