کوئی غیرقانونی کام نہ ہونے پر عمران غصے سے پاگل ہوگئے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(اُمت نیوز) وفاقی ‎وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کرک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب کو ’بے شرمی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‎ آڈیو ثبوت ہے کہ کوئی غیرقانونی کام نہیں ہوا نہ ہی کسی کوکوئی ناجائز فائدہ پہنچایا گیاہے

انہوں نے کہا کہ ‎ بھارت سے بجلی کاپلانٹ عمران خان کی حکومت کی پالیسی اور قانون کے مطابق آیا، عمران خان ہاؤسنگ سوسائٹی کے گرڈ سٹیشن کی تنصیب کے بارے میں18 جولائی 2020 کا ہائی کورٹ ملتان بینچ کا فیصلہ پڑھ لیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎فارن فنڈنگ کے عوض پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور معیشت کا سودا کرنے والا چیخیں مار رہا ہے، ‎رومیتہ شیٹی، اندردوسانج جیسے بھارتیوں سے فارن فنڈنگ لینے والا حسد چیخیں مار رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ غصہ اس بات کا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کوئی پالیسی بدلی نہ زمین مانگی اور نہ ہی 5 قیراط کے ہیرے مانگے، ‎کوئی غیرقانونی کام نہ ہونے پر عمران خان غصے سے پاگل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان کو غصہ اور تکلیف ہی یہ ہے کہ آڈیو سے بھی کوئی غیرقانونی چیز برآمد نہ ہوسکی، غصہ اور تکلیف ہے کہ آڈیو میں بشری بی بی کے 5 کیرٹ ہیرے کا ذکر نہیں، ‎خیرات کے پیسے اپنی ذات اور سیاست کے لئے استعمال کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے کا چیخنا چلانا بنتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎ 190 ملین پاؤنڈ ”بندلفافے“ میں پانچ قیراط کی انگوٹھی دینے والے کو ”عطیہ“ کرنے جیسا کوئی کام نہیں ہوا، ‎پانچ قیراط ہیرے کے لئے حکومتی پالیسی بدلنے والاآج دوسروں پر بہتان تراشی کررہا ہے۔