اسلام آباد( اُمت نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک اور آڈیو آنے والی ہے جس میں مریم نواز اپنے والد سے کہہ رہی ہیں فکر نہ کریں الیکشن کمیشن توشہ خانہ میں عمران خان کو نااہل کرنے والےہیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے، الیکٹرانک ووٹنگ سے فری اینڈ فیئر الیکشن ہو سکتا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے نواز شریف اور زرداری کےکہنے پر ای وی ایم نہیں آنےدی۔
آڈیو لیکس میں شہباز شریف، مریم نواز کو طریقے بتا رہے ہیں، مریم نواز کا داماد بھارت سے مشینری منگوا رہا ہے، حالیہ آڈیو لیکس کے بعد تھوڑی سی بھی شرم ہو تو یہ مستعفی ہو جائیں، ان میں شرم نہیں ہے تو ہمیں ان کو مستعفی کرانا ہوگا۔ کابینہ ارکان نے آتے ہی اپنے کیسز ختم کرنے شروع کر دیے، یہ لوگ پاکستان آتے ہیں پیسا لوٹ کر باہر چلے جاتے ہیں، باپ ملک سے باہر بیٹھا ہوا ہے بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری نہیں ہیں۔
اسحاق ڈار ڈیل کے تحت واپس آ رہے ہیں، اسحاق ڈار جواب نہیں سکتے تھے اس لیے بھاگ گئے، یہاں چوروں کے ساتھ ڈیل ہوتی ہے، چوروں کو این آر او دیا جاتا ہے، اسحاق ڈار ہمارے دور میں نہیں بھاگے تھے، اسحاق ڈار ن لیگ کی حکومت کے دوران یہاں سے گئے، اسحاق ڈار وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر باہر گئے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے روس سے سستا تیل، سستی گندم لینے کے مذاکرات کر لیے تھے، موجودہ حکومت کو حکم ملا روس سے پیٹرول نہیں لینا۔
بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ ایک سو چالیس ارب ہے، ہمارے دور میں ریکارڈ 32 ارب ایکسپورٹس ہوئی ہیں، ہم نے آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکس سے استثنا دیا، جب بھی حکومت آئی، اسٹارٹ اَپس، آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکس کی چھوٹ دیں گے۔ ہمارے آخری سال میں آئی ٹی کی ایکسپورٹس 75فیصد بڑہیں، طاقت ور ظالم کا مقابلہ بزدل اورخود غرض نہیں کر سکتے، ایلیٹ سوچتی ہےکہ ہم کیوں ظالم کا مقابلہ کریں، قوم کو بدترین مہنگائی میں دھکیل دیا گیا۔اُن کا کہنا تھا کہ حق اور سچ پر کھڑی نہ ہونے والی قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔