لندن(اُمت نیوز)نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ اسی بلندی پر لے جائیں گے جس پر نواز شریف کے دور حکومت میں تھا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ جس دفتر سے میں میڈیکل کے لیے آیا تھا آج اللہ تعالیٰ مجھے اسی دفتر میں واپس بلارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایسی پوزیشن پر لے گئے تھے کہ جہاں ہم دنیا کی 18 ویں معیشت بننے جارہے تھے، خدا مجھے توفیق دے تو پاکستان کو دوبارہ اسی بلندی پر لے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کم شرح سود تھی، شرح نمو بلند تھی، روپیہ مستحکم تھا، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم معیشت کو نیچے سے اوپر لے جائیں، جس کے لیے پہلے گرتی ہوئی اکانومی کو روکیں گے پھر اس کی سمت تبدیل کریں گے خدا ہمیں اس کی توفیق دے۔
اپنے مقدمے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا مجھ پر بنایا گیا مقدمہ بے بنیاد تھا، مجھ پر بیس سال کے ٹیکسز جمع نہ کرانے کا الزام عائد کیا گیا جب کہ میں نے کبھی بیس دن بھی ٹیکس ڈیلے نہیں کیا۔