سپہ سالار سے کینیڈا کی ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ ، باہمی دلچسپی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈین ہائی کمشنرنے پاکستان میں سیلاب کی تباہی پردکھ کااظہار کیا اور متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کوششوں کوسراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مضبوط باہمی تعلقات کیلئے کینیڈین ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہا جبکہ وینڈی گلمور نے پاکستان میں سیلاب کی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو کینیڈا کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی حمایت اور مدد پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔ کہا متاثرین کی بحالی کے لئے عالمی شراکت داروں کی مدد اہم ہوگی۔