دادو: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں ٹنیٹ سٹی کا دورہ کیا اس موقع پر حکام کی جانب سے نقصانات اورامدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں متاثرین کیلیے قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی بھی وزراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
دورہ کے موقع پر وزیراعظم کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ضلع دادو میں سیلاب سے 37 افراد جاں بحق ہوئے، 66 یونین کونسل سیلاب سے متاثر ہوئیں، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، متاثرین کیلیے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیا کی ضرورت ہے۔
اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں، بچوں کیساتھ گھل مل گئے، سیلاب زدگان سے مسائل دریافت کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں سیلاب متاثرین کیلیے کیمپ لگائے گئے ہیں، خیموں کی کمی اب بھی ہے، سندھ حکومت متاثرین کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔