اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما اسحاق ڈارنے بطور سینیٹر حلف اٹھا لیا ،اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شور شرابہ کیا اورنعرے بازی کی ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار سے سینیٹ کی رکنیت کا حلف لیا ، اس سے قبل اسحاق ڈار چیئر مین سینیٹ سے ان کے چیمبر میں جا کر ملے ملاقات کے دوران وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت دیگر شریک تھے.
پی ٹی آئی ارکان نے چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور اجلاس کے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوتی رہی ۔
پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر اسحاق ڈار کے خلاف احتجاج کیا، وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحاق ڈار کا آج ایوان میں پہلا دن ہے،، حلف اٹھانے پر ہم اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس ہاؤس کے تقدس کا خیال رکھیں،احتجاج جمہوری حق ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے کہا کہ یہ سیٹ اتنے عرصے سے خالی رہی،ایک بھائی نے ان کو باہر بھگایا اور دوسرا جہاز میں لے آیا،اسحاق ڈار پر پاکستان کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام ہے،عدالتیں طلب کرتی ہیں تو یہ لوگ بیمار ہوجاتے ہیں،ان لوگوں کی بیماری کا علاج صرف اقتدار ہے اور کچھ نہیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ان لوگوں کے وزیراعظم بھی اشتہاری رہ چکےہیں،اسحاق ڈار نے آئین اور قانون کے تحت حلف اٹھایاہے،اس ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری ہے، آپ کو تنقید کا حق ہے لیکن حقائق کو مسخ نہ کریں۔