لاہور میں تیز بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کا آج شام کا پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں قذافی اسٹیڈیم واقع ہے جہاں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گراؤنڈ اسٹاف نے بارش شروع ہونے پر میچ اور پریکٹس کے لیے تیار پچز کو فوری طورپر کوروز سے ڈھانپ دیا تاہم گراؤنڈ گیلا ہونے پر دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ آج دونوں ٹیمیں ہوٹل میں آرام کریں گی۔
Rainy set up day 😂 #PAKvENG #Lahore pic.twitter.com/fX9PJDWi6v
— shahid Selfie (@ShahidSelfie) September 27, 2022
قومی ٹیم کے مینجر نے شام چھ بجے کے بعد شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے انڈور باب وولمر ہال میں کھلاڑیوں کی پریکٹس کا آپشن موجود تھا تاہم اسے زیر غور نہیں لایا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل بارش کی پیش گوئی نہیں کی تھی۔ اچانک بارش آنے پر پی سی بی اسٹاف کے ساتھ سکیورٹی پر مامور اہل کاروں کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل بارش کا امکان نہیں اور مطلع صاف رہے گا۔