اسلام آباد:وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اس وقت کے سیکریٹری ٹو وزیراعظم اعظم خان کی آڈیو لیکس سے عمران خان کا امریکی سازش کے تحت حکومت ہٹانے کا جھوٹ قوم کے سامنے آ گیا ہے ،”اس کے جھوٹ کی ہنڈیا بیچ چوڑاہے میں پھوٹ گئی”۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، یہ ملک و قوم اور نوجوانوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، گورنمنٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی اس فتنہ گری میں ملوث ہوئے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰه کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو کا فارنزک آڈٹ کروانے جا رہے ہیں، اگر آڈیو درست ہے تو عمران خان کو قوم کے سامنے بےنقاب کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قوم کو شعور دینا چاہیے تاکہ اس فراڈ کو اوراس احمق فتنہ گر انسان کو رد کیا جا سکے، عمران خان کہتے تھے کہ ” امریکا نے سازش کی ہے اور اس سازش میں اپوزیشن نے ساتھ دیا ،اس سازش کی بنیاد پر میری حکومت ختم کی گئی "۔
عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیکس پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ "یہ گفتگو اس سازش کے حوالے سے بات کر رہے ہیں، اور کہہ رہے ہیں کہ اس پر ہم نے صرف کھیلنا ہے بات نہیں کرنی "،ایک دن پہلے بھی عمران خان نے بات کی ہے کہ "ہم نے اسلام آباد پر وار دات کرنی ہے ، مطلب یہ اسلام آباد واردات کرنا آنے چاہتے ہیں اور 25مئی کو بھی واردات ہی کرنے آئے تھے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے آیا ہے ، "پچھلے تقریبا 6 ماہ سے یہ جھوٹا شخص قوم کے ساتھ کھلواڑ کر رہاہے ،عمران خان نے پورے ملک کی معیشت کو تباہ کیا ، ہماری سیاسی اقدار کو تباہ کیا ہے ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر کے کہتے رہے کہ امریکی سازش سے اس کی حکومت ختم ہوئی، سیاسی فتنے کو سیاسی طور پر ختم نہیں کریں گے تو وہ باقی رہے گا، پی ٹی آئی چیئرمین کو پہلے سیاسی طور پر ختم کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر برائے داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان پہلے کہتے رہے کہ اس کی ویڈیو ہے جس میں اس کی کردار کشی کی جائے گی، وہ ویڈیو نہ بتانے والی ہے اور نہ دکھانے والی ہے۔