نیو دہلی: بھارت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا گروپ اوراس سے وابستہ افراد پر دہشت گردی میں ہوے کا الزام لگاتے ہوئے اس پر 5 سال کے لئے پابندی عائد کردی۔ پابندی کا فیصلہ حکام کی جانب سے رواں ماہ سو سے زائد کارکنوں کو حراست میں لئے جانے کے بعد سامنے آیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق پی ایف آئی نے فوری طور پر معاملے پررد عمل جاننے کے لئے بھیجی گئی ای میل کا جواب نہیں دیا لیکن اس کے کالعدم ونگ کیمپس سی ایف آئی نے حکومتی کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیا۔
سی آئی آئی کے سیکریٹری عمران پی جے نے کہا ہے کہ ہم ہندو قوم کے تصور کے خلاف ہیں، فاشزم کے خلاف ہیں، بھارت کے خلاف نہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ مذہبی گروپ کے عسکریت پسند گروپوں سے تعلقات ہیں،گروپ اور اس کے افراد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ حکومت نے مذہبی گروپ پر پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا ہے۔
مذہبی گروپ کے خلاف گزشتہ روز ملک گیر کریک ڈاؤن میں 200 سے زائد جبکہ گزشتہ ہفتے 100 گرفتاریاں کی گئی تھیں۔ ناقدین نے نریندر مودی اور بی جے پی پر ملک میں مسلم گروپ کے خلاف امتیازی پالیسیوں کو فروغ دینے کا الزام لگایا ہے۔