وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک ماہ کے اندر یہ کمی یقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف اکانومسٹ، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام شریک ہوئے،اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے آلو، ٹماٹر اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
ادارہ شماریات کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جن میں ، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور اور خوردنی تیل شامل ہیں ۔
اجلاس میں گندم اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی، اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلوکمی یقینی بنائی جائے۔