تہران:ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے شمالی عراق کے کرد علاقے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پرمیزائل اور ڈرون طیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک،58 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایران کے پاسداران انقلاب کی زمینی فورسز نے عراق کے شمال میں علیحدگی پسند گروپ کے کچھ ٹھکانوں کو "پریسیئن میزائل” اور "خودکش ڈرون” سے نشانہ بنایا۔عراق نے حملے کو سرحدی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بغداد میں ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔
کرد حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ڈرون حملوں میں کرد ایرانی مخالف گروپ کے 13 افراد ہلاک ہو ئے ہیں، واضح رہے کہ یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب کردخاتون مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔