اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے آڈیوز کہاں سے لیک ہوئی ہیں، میری آڈیو لیکس میں عمران خان اوران کا کوچ ملوث ہیں۔
مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آج شکل دیکھنا چاہتی ہوں۔آج کیا سوچتا ہوگا، کہنے کو کیا ہے، میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اب کیا کروگے؟ جھوٹے الزامات بہتان لگائے اب کیا منہ دکھاؤ گے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اللہ نے ناکام اور سازشی ثابت کیا، اسحاق ڈار جس وزیراعظم کے جہاز میں گئے اسی وزیراعظم کے جہاز میں واپس آئے، وہ آج پھر زیر خزانہ ہیں اور اسی پارلیمنٹ میں حلف لیا، عمران خان 3 زندگیاں بھی لے آئیں تو بھی نواز شریف نہیں بن سکتے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نہیں معلوم ملک کی سلامتی سے کھیلنا کتنا خطرناک ہے،عمران خان کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گیا اور لوگ تماشا دیکھتے رہے، قومی سلامتی اور خارجہ امور، کیا یہ کھیل ہے۔ نام پوچھو تو عمران خان اے بی سی پڑھنے لگتے ہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آئے تھے وہ ایک غیرذمے دار شخص ہیں جنہوں نے ہمارے خلاف کیس بنایا ان کو کہنا چاہتی ہوں آپ ناکام ہوگئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ملک سے اتنی بڑی غداری کررہےتھے، اس پر سوائے حیرانی کے کیابات کی جائے، انہوں نے وزیراعظم کے عہدے کا مان نہیں رکھا اور اس کی خلاف ورزی کی، ملک کے اداروں کو تنازعات میں دھکیلا اور اعظم خان کے ساتھ بیٹھ کر ملک کے خلاف سازش کی۔
ن لیگی نائب صدر مریم نواز نے سائفر سے متعلق آڈیولیکس پرجےآئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پانامہ پر روزانہ کی بنیاد پر جے آئی ٹی بنائی گئی،اس طرح اس پر بھی بنائی جائے، عمران خان سب کچھ کرتے رہے، وزیراعظم ہاؤس میں سازشی منصوبے بناتےرہے، قائدین اورسب بیٹھ کر تماشا دیکھتے رہے۔