اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کے لیے ان کی عدالت پہنچ گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت پہنچے تاہم پولیس نے خاتون جج کا کمرہ بند کر دیا اورانہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔عمران خان نے ریڈر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا ہے کہ عمران خان آئے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کے لیے آیا ہوں، ریڈر آپ گواہ رہنا، زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا کہ اگر ان کی دل آزاری ہوئی ہو تو عمران خان معذرت کرنے آئے تھے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی خاتون جج زیبا چوہدری سے معافی مانگنے کیلیے ان کی عدالت آمد کے بعد فواد چوہدری نے بیان جاری کیا ہے کہ اگر ہم نے بھی عدالتیں پاکستان مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی طرح اپنے ججوں سے بھری ہوتیں تو اس طرح چکر نہ لگانے پڑتے۔
اگر ہم نے بھی عدالتیں نون اور پیپلز پارٹی کی طرح اپنے ججوں سے بھری ہوتیں اس طرح چکر نہ لگانے پڑتے https://t.co/RUbRXyqkOz
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 30, 2022