پشاور:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتوراورکمزورکے لیے الگ قانون ہوتو قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔ اس ظلم کے خلاف نکلنے کے لیے قوم کو جلد کال دوں گا اور جب کال دوں گا تو اس کے بعد کوئی واپسی نہیں ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آیا تو سیمینار میں تھا مگر یہاں تو جلسہ ہو گیا۔ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور تعلیم جتنی بہتر ہو گی اتنے ہی بہترین لیڈر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں چوروں کو این آر او دیا جا رہا ہے۔ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ قانون ہو تو قوم کبھی ترقی نہیں کرتی۔ جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا وہاں غربت ہوجاتی ہے اور مریم نواز نے کہا لندن میں کیا میری تو پاکستان میں بھی جائیداد نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں بدترین مہنگائی ہے، قوم نیچے جا رہی ہے، بڑے بڑے ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے، ان چوروں کو این آراو دیا جارہا ہے جن کے اربوں روپے کے لندن میں فلیٹس ہیں، یہ ملک کو لوٹتے ہیں، بھاگ جاتے ہیں اور ڈیل کرکے دوبارہ آجاتے ہیں، ایسے چوروں کو یوں ہی بری کیا جاتا رہا تو یہ آپ کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے، آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آپ کے سامنے آرہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 1100 ارب روپے کی چوری بھی معاف کی جا رہی ہے، انہوں نے اپنے لیے قانون بنایا ہے باہر سے آئی معلومات قابل قبول نہیں، آپ کے پیسے باہر لندن یا آف شور میں پڑے تھے تو آمدن میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی آمدنی بڑھے تو اسی کی ذمے داری ہوتی ہے کہ بتائے پیسے کہاں سے آئے؟ لیکن انہوں نے اس قانون کو بھی تبدیل کردیا، نیب کو کہہ رہے ہیں تم ثابت کرو، یہ پاکستانیوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ڈاکا مارنا ہے تو بڑا ڈاکا مارو، کیونکہ بڑے ڈاکو آزاد اور چھوٹے چور پکڑے جائیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ پچھلے 5 ماہ میں جب سے یہ حکومت آئی ہے روپیہ 33 فیصد گرگیا ہے، قوم پر جو ڈاکا ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا، مجھے اکیلے بھی نکلنا پڑے تو میں ان کے خلاف نکلوں گا، مجھے کسی چیز کا خوف نہیں نہ جیل کا خوف ہے نہ اپنی جان کا، عوام کو بھی خوف نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ کلمہ پڑھنے والے اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، آپ نے ہمیشہ انصاف کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم آفس سے جو آڈیو لیکس ہوئی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے پیٹ ابھی بھی نہیں بھرے ہیں، مریم داماد کیلیے پیسہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور شہبازشریف کہہ رہا ہے فکر نہ کرو اسحاق ڈار آئے گا تو پیسے بن جائیں گے۔