لاہور(اُمت نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دونوں کو ہی بے نقاب کردیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں کی ساری میٹنگز اپنے مفادات کے لیے ہیں جبکہ پاکستان ایک دلدل میں پھنس چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران وزیراعظم ہاؤس کی حفاظت نہیں کرسکتا تو ملکی راز کی کیسے کرے گا، لیڈر شپ کا فقدان ہے، جس کے باعث پاکستان ترقی نہیں کرسکا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ ایک آدمی زیرو ہوتا ہے وہ ہیرو بن جاتا ہے، جو ہیرو ہوتا ہے وہ زیرو بن جاتا ہے، ملک میں ہر پانچواں آدمی حکمرانوں کی وجہ سے ڈپریشن میں ہے۔
پاکستان کی معیشت پر علی بابا اور چالیس چوروں کا قبضہ ہے، عالمی منڈیوں میں 3 مہینوں میں پیٹرول، ڈیزل گیس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں پیٹرول سستا اور ہمارے ملک میں مہنگا کردیا گیا، بجلی اور گیس سمیت ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
75 سال گزر گئے لیکن پاکستان نظریاتی طور پر آزاد نہیں، آج بھی ملک کی عدالتوں میں اسلامی نظام نہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ عدالتوں میں سب سے زیادہ اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، سوسائٹی کو تباہ کرنے کے لیے ٹرانس جیڈرایکٹ لایا گیا ہے۔