سیلاب کے باعث پاکستان ریلوے کا معطل آپریشن بحال

لاہور ( نواز طاہر / نمائندہ امت) سیلاب کے باعث پاکستان ریلوے کا معطل آپریشن بحال ہوگیا ہے اور پہلی ٹرین اس وقت مرکزی لائن ایک یعنی ایم ایل ون پر رواں ہے ۔ ٹو ڈائو ن خیبر میل ایکسپریس لاہور سے 59 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی تو کراچی جانے والے مسافروںنے نعرے لگاتے ہوئے سفر کا آغاز کیا۔

یاد رہے کہ پینتیس روز کے تعطل کے بعد آج اتوار دو اکتوبر کو دو گاڑیاں کراچی کے لیے روانہ ہوئی ہیں جو قبل ازیں کچھ روز تک صرف روہڑی تک مسافروں کو منزل تک پہنچا رہی تھیں۔

پاکستان ریلویز کے سی ای او تیمور خان غلزئی کے مطابق پانچ اکتوبر سے باقی گاڑیاں بھی مرحلہ وار بحال ہو رہی ہیں ۔یہ ٹرین معمول سے زائد بوگیوں پر مشتمل ہے تاہم ٹریک کے سیلاب زدہ علاقوں میں تعمیرو مرمت کے باعث سفر کا دورانیہ عارضی طور پر تین گھنٹے تک بڑھایا گیا ہے۔