لندن( اُمت نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ اثاثے ہمارے دادا میاں محمد شریف کے ہیں جنھیں نواز شریف سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، تفتیش کا رخ میاں شریف کی طرف موڑا جاتا تو تمام سوالوں کے جواب مل جاتے۔
میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھاکہ ایون فیلڈ فلیٹس ریفرنس میں مریم نواز کی بریت انصاف کی فتح ہے، فیصلہ ثابت کرتا ہےکہ 2018 میں کس طرح نوازشریف اورمریم نواز کو نشانہ بنایا گیا اور 2018 میں کس طرح انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ دادا میاں شریف کے اثاثے نواز شریف سے جوڑنے کی کوشش کی گئی،تفتیش کا رخ میاں شریف کی طرف موڑا جاتا تو تمام سوالات کے جواب مل جاتے،
انہوں نے30 کی دہائی میں تجارت کا آغاز کیا اور وہ قیام پاکستان کے وقت کئی کمپنیاں قائم کرچکے تھے۔
حسین نواز کا کہنا تھاکہ پاناما تحقیقات کا مقصد سچ تلاش کرنا نہیں بلکہ انتقامی کارروائی تھا، نواز شریف نے تمام معاملات اللہ پر چھوڑے اور پھر انھیں انصاف بھی ملا، امید ہے شریف خاندان کو نشانہ بنانے والوں کو اللہ کے انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔