25سالہ روسی خاتون کے22بچے اور مزید 80 کی خواہش۔۔۔

گروزنی(امت نیوز) 56 سالہ ترک شوہر اور اس کی 25 سالہ روسی بیوی کے 22 بچے ہیں مگر وہ اس پر اکتفا کرنے کو تیار نہیں۔ ان کی خواہش مزید 80 بچے پیدا کرنے کی ہے، جارجیا میں رہائش پذیر یہ جوڑا اپنے بچوں کی تعداد 105 تک پہنچانا چاہتا ہے۔
یہ کہانی روسی حسینہ کرسٹینا کی ہے، جس نے ایک بڑے کنبہ کا خواب دیکھا تھا۔ اس کی شادی 56 سالہ ارب پتی غالب اوزترک سے ہوئی۔ کرسٹینا نے 17 سال کی عمر میں اپنی سب سے بڑی بیٹی کو جنم دیا تھا۔ گھر میں کلکاریاں گونجیں تو اس جوڑے نے 105 بچے پیدا کرنے کا ہدف طے کرلیا۔ یہ ہدف پورا کرنے کیلئے میاں بیوی نے سروگیسی (Surrogacy) کا راستہ اپنایا ہے۔ اس طرح کرسٹینا نے صرف 25 سال کی عمر میں ہی 22 بچے پیدا کرلئے اور ان کا گھر اب چلڈرنز ہوم جیسا نظر آتا ہے۔
کرسٹینا اوزترک کا کہنا ہے کہ وہ ہر وقت بچوں کے ساتھ رہتی ہیں اور دیگر ماؤں کی طرح ان کے ساتھ وقت گزارتی ہیں۔
ان کے بچے رات آٹھ بجے سے صبح چھ بجے تک سوتے ہیں۔ کرسٹینا نے پچھلے سال ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ ابھی اور بچے چاہتی ہیں۔
کرسٹینا کا انسٹاگرام پر بھی اکاؤنٹ ہے، جس پر وہ اپنے بچوں کی تصویریں اور ویڈیوز وقتا فوقتا شیئر کرتی رہتی ہیں۔
کرسٹینا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بچپن سے ہی میں نے ایک بڑے کنبہ کا خواب دیکھا تھا۔ میرے شوہر کا بھی کچھ اسی طرح کا ایک بڑے اور خوشحال کنبہ کا خواب تھا، اس لئے جب ہم ملے تو اپنے خواب کو پورا کرنے کا منصوبہ بنایا۔
کرسٹینا مزید بتاتی ہیں کہ بچوں کی روزانہ کی سرگرمیوں کو ڈائری میں نوٹ کیا جاتا ہے۔ میں نے تو چھ سال پہلے اپنی سب سے بڑی بیٹی کو جنم دیا تھا، باقی سبھی بچے سروگیسی سے ہوئے ہیں۔ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ یہ جوڑا اپنا ہدف پورا کرپاتا ہے یا نہیں۔