نئی دہلی(امت نیوز) بھارت میں کنگ کوبرا سانپ کی طوطاچشمی پر کسی کو حیرت نہین ہوئی بلکہ غصہ تو اس شخص کی حماقت پر آیا، جس نے کوبرا کا سر چومنے کی کوشش کی اور نتیجے میں جان کے لالے پڑگئے۔ تفصیل اس اجمال کی کچھ یوں ہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں کنگ کوبرا کو ریسکیو کرنے والے شخص نے لوگوں کو مرعوب کرنے کا سوچا اور سانپ کے سر کو چومنے کی کوشش کربیٹھا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنگ کوبرا نامی انتہائی زہریلے سانپ کو ریسکیو کرنے کے بعد یہ شخص اس کے سر کا بوسہ لینے کی کوشش کرتا ہے لیکن سانپ کو شاید اس کی یہ بےتکلفی پسند نہیں آئی اور اس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اس شخص کے ہونٹ پر ہی ڈس لیا اور خوفزدہ لوگوں کو ششدر کرکے وہاں سے چلا گیا۔ بھارتی ذرائع کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص رینگنے والے جانوروں کو ریسکیو کرتا ہے۔ خوش قسمتی سے سانپ کے ڈسنے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں اس کی جان بچالی گئی۔ سوشل میڈیا پر جہاں کنگ کوبرا کو ریسکیو کرنے پر اس شخص کو سراہا جارہا ہے، وہاں اپنی زندگی کو داؤ پر لگاکر اس طرح کا اسٹنٹ دکھانے کی کوشش پر اسے خوب آڑے ہاتھوں بھی لیا جارہا ہے۔