سعودی وزیرحج و عمرہ کی ازبکستان کے صدرشوکت مرزایوف سے ملاقات

ریاض : سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے  شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے صدر شوکت، ان کی حکومت اور ازبکستان کے برادر عوام کے لیے خیر سگالی کے پیغام پہنچائے۔ سعودی قیادت کی جانب سے ازبکستان کی پائدار ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا کہ ان کا دورہ ازبکستان دونوں ملکوں کے منفرد، تاریخی تعلقات کا حصہ ہے۔ اس موقع پر حج وعمرے سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے متعدد معاہدے بھی ہوئے ہیں۔
سعودی وزیر نے کہا کہ ’گزشتہ حج موسم میں ازبکستان سے تقریبا 12 ہزار افراد حج پر آئے تھے۔ کورونا وبا ختم ہونے کے بعد حج کوٹے میں اضافہ کیا گیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ازبکستان سے گزشتہ دو ماہ کے دوران  36 ہزار سے زیادہ افراد عمرے پر آئے ہیں۔ بیشتر نے مسجد نبوی کی زیارت کی، مدینہ منورہ کے تاریخی اور مذہبی مقامات بھی دیکھے‘۔
وزیر حج نے کہا کہ’ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن عمرہ و زیارت ویزوں کا اجرا آسان بنادیا گیا ہے۔ اب زیادہ آسانی اور تیزی سے عمرہ ویزے جاری کرانا ممکن ہوگیا ہے‘۔
’پہلے عمرہ ویزے کا دورانیہ ایک ماہ ہوتا تھا۔ اب دنیا کے کسی بھی ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت دی گئی ہے‘۔