اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے فٹبال گراؤنڈ میں بھگدڑ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وہ اس سانحے پر گہرے غمزدہ ہیں اور سوگوار خاندانوں، حکومت اور انڈونیشیا کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کے بھائیوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
صدرمملکت نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران بھگڈر مچنے سے تقریباً 125 افراد ہلاک اور 323 زخمی ہو گئے ہیں ۔ ہفتہ کے روز بھگدڑ اس وقت مچی جب پولیس نے ان افراد پر آنسو گیس کے شیل پھینکے جنھوں نے پچ پر حملہ کیا تھا۔اس واقعے کو دنیا کے بدترین اسٹیڈیم سانحوں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔