مظفرآباد:آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی میں شدید بد نظمی اور ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی کے رکن فہیم ربانی نے راجہ فاروق حیدر پر موبائل فون بھی دے مارا ، اسمبلی کے اندر ہونے والی ہنگامہ آرائی شدت اختیار کر گئی ہے اور اسمبلی کے باہر ن لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے جمع ہو کراحتجاج شروع کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی میں حالات اس وقت کشیدہ ہوئے جب قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اظہار خیال کیلیے آئے اورچوہدری لطیف نے وزیراعظم سردار تنویر پرالزام عائد کیا کہ وہ پیسے دے کر اسمبلی میں آئے ۔ان کی دوران تقریر الزام تراشی کے باعث نعرے بازی اور جملے بازی شروع ہو گئی اور پھراسی دوران پی ٹی آئی رکن اسمبلی فہیم ربانی نے جوش میں آ کر راجہ فاروق حیدر کو موبائل فون دے مارا ۔
اسمبلی کی صورتحال کے پیش نظر ن لیگ کے کارکنان بڑی تعداد میں اسمبلی کے باہرجمع ہونا شروع ہو گئے ، مظاہرین نے اسمبلی کے گیٹ کے سامنے احتجاج شروع کردیا اورساتھ ہی گیٹ کو کھولنے کی کوششیں بھی کی جارہی رہیں ، مظاہرین کامطالبہ ہے کہ فہیم ربانی سابق وزیراعظم سے معافی مانگیں ۔
مطاہرین کی بڑی تعداد کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس ، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر بھاری نفری کے ہمراہ باہر ہی موجود ہیں ، ن لیگ کے کارکنان کی جانب سے دلائی کے مقام پر کوہالہ مظفر آباد کی شاہرا ہ بند کردی گئی جبکہ مظفر آباد اسلام آباد کی شاہراہ کو بھی بند کردیا گیاہے ، مظاہرین کا کہناہے کہ فہیم ربانی کو معافی مانگے بغیر مظفر آباد سے باہر نہیں جانے دیں گے ۔