نئے مقدمات اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے خلاف گھیرا تنگ ہو گا-فائل فوٹو
 نئے مقدمات اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے خلاف گھیرا تنگ ہو گا-فائل فوٹو

خاتون جج کودھمکی پرمعافی قبول ،عمران خان سزا سےبچ گئے

اسلام آباد: خاتون جج کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ پرتوہین عدالت کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان معافی مانگنے پرسزا سے بچ گئے ،عدالت نے ان کی معافی قبول کرتے ہوئے توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کا بیان حلفی دیکھ لیا ،  بادی النظر میں یہ توہین عدالت تھی مگرعمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور خاتون جج سے معافی مانگنے گئے ، ہم عمران خان کے کنڈکٹ سے بھی مطمئن ہیں، یہ لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ ہے ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان نے بیان حلفی میں معافی نہیں مانگی ، چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہم سے یہ توقع کرتے ہیں ہم نہال ہاشمی و دیگر کے کیسز والا سلوک کریں ؟، آپ کی سفارشات ہم اپنے تحریری فیصلے میں  لکھیں گے، ہم توہین عدالت  کا نوٹس واپس لیتے ہوئے کارروائی کو ختم کر رہے ہیں ۔

یاد رہے سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سماعت پرعدالت میں کہا تھا کہ اگر خاتون جج کو تکلیف پہنچی ہے توذاتی حیثیت میں معافی مانگنے کیلیے بھی تیار ہوں۔  گزشتہ سماعت پرعدالت کی جانب سے عمران خان کے معافی کے بیان کو عدالت نے تسلی بخش قرار دیا تھا۔