لاہور:ہائیکورٹ نے مونس الہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس خارج کردیا۔
اس سے قبل لاہورہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ مقدمے سے اخراج کے لیے مونس الہی کی درخواست پرسماعت ہوئی، درخواست پر سماعت جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کی۔
لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اخراج کےلیے مونس الہٰی کی درخواست منظور کرلی ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ پیش ہوئے، جب کہ مقدمے کا تفتیشی افسر بھی پیش ہوا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ 29 ستمبر کو 13 ہزار144 صفحات کا چالان جمع کرا دیا ہے، تمام ڈیٹا کی سافٹ کاپی یوایس بی میں کرکے عدالت میں بھی جمع کرا دی ہے۔
جسٹس اسد جاوید گھرال نے استفسار کیا کہ بینک اگر خود مدعی نہیں تو آپ کیسے مقدمہ درج کر سکتے ہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ بینک والے خود ہی جرم کرنے والے ہیں تووہ خود مقدمہ درج کرائیں گے۔