امریکہ:سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 100 ہوگئی

نیویارک : امریکی ریاستوں فلوریڈا اور نارتھ کیرولینا میں سمندری طوفان ایان سے ہلاکتوں کی تعدا د بڑھ کر 100ہوگئی۔

امریکی ٹی وی کے مطا بق ریاست فلوریڈا میں 96 اور نارتھ کیرو لینا میں4اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔  لی کاؤنٹی فلوریڈا میں 54 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ۔ طوفان ایان نے گزشتہ ہفتے لینڈ فال کیا جس نے فورٹ مائرز اور سینیبل جزیرے کو تباہ کر دیا۔

یاد رہے کہ ڈیزاسٹر ماڈلنگ فرم کیرن کلارک اینڈ کمپنی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ طاقتور سمندری طوفان ایان سے ممکنہ طور پر 100 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان ہوا اور یہ طوفان نقصان کے لحاظ سے امریکا کا سب سے مہلک طوفان ثابت ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تباہ کن طوفان نے فلوریڈا کے سینیبل جزیرے پر درجنوں پرانے مکانات کو تباہ کر دیا جبکہ کثیر المنزلہ نئی عمارتوں کی نچلی منازل کو شدید نقصان پہنچا اور جگہ جگہ درخت اور بجلی کے کھمبے بھی گر گئے ۔

ریسکیو ٹیمیں اور میونسپل ادارے کے اہلکار سیلاب کے پانی میں گھیرے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔