کامیاب مارچ کی ضمانت ؟ عمران نے کارکنوں سے حلف لے لیا

پشاور(اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی زیر نگرانی پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور عہدیداران سے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت اور کامیابی کے لیے حلف اٹھوا لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی پشاور میں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت، ضلعی وتحصیل عہدیداروں سے ملاقات ہوئی ہے

تقریب میں سابق گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان نے شرکا سے حلف لیا جبکہ اس دوران اسٹیج پر پرویز خٹک، علی امین گنڈا پور سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔

حلف کے متن میں کہا گیا کہ ’ہم اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتے ہیں  کہ ملک کی خودمختاری کے لیے کسی بھی قربانی دریغ نہیں کریں گے اور ہم حقیقی آزادی تحریک کو جہاد سمجھ کر اس میں حصہ لیں گے‘۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قائدین، عہدیداروں، تحصیل و ولج کونسل ممبران اور کارکنوں سے اپنے خطاب میں انھیں ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں کسی بھی وقت حقیقی آزادی جمہوری مارچ کے لیے حتمی کال دے سکتے ہیں، آج پاکستانی قوم کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ہے، قوم کو اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہو گا۔ سب نے حقیقی آزادی تحریک میں جہاد سمجھ کر حصہ لینا ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک پر چوروں کا تسلط ہے جو گزشتہ تیس سالوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں اور اب کی بار بھی نا اہلوں کا یہ ٹولہ حکومت میں صرف اپنے خلاف کرپشن کے کیسز ختم کرنے آیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کے لیے کھڑے ہیں۔ اس کرپٹ ٹولے نےماضی میں این آر او لیکر اپنی چوریاں معاف کرائیں اورصرف دس سالوں میں قرضے میں چار گنا اضافہ کیا۔