نئی دہلی(اُمت نیوز) بھارت کے ہمالیہ پہاڑی سلسلے میں برف کا تودہ گرنے سے لاپتہ ہونے والے 19 کوہ پیمائوں کاسراغ نہیں مل سکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہمالیہ میں 19 افراد مقامی ادارے کے ذریعے کوہ پیمائی کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔ اس دوران برف کا تودہ ان پر گر گیا جس کے نتیجے میں 2 کوہ پیما ہلاک اور 19 لاپتہ ہوگئے ہیں
برف کے تودے میں پھنسے کوہ پیماؤں کی مدد کے لیے ریسکیو ٹیم بھیجی گئی جس نے ملبے سے 2 لاشیں نکالی ہیں تاہم دیگر 19 کوہ پیماؤں کا سراغ نہ مل سکا۔ اندھیرا ہوجانے اور موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو آپریشن کو روکنا پڑا۔
موسم ٹھیک ہونے پر ریسکیو کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برف تودے میں پھنسے تمام کوہ پیماؤں کا تعلق بھارت سے ہے۔