نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
انہوں نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ پر گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ یوکرین بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہوسکتا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی اور زیلنسکی نے یوکرین میں جاری جنگ پر بات چیت کی اور اس دوران ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ گفتگو اور سفارتکاری کے ذریعہ اس کا حل نکل سکتا ہے۔ مودی نے جلد سے جلد جنگ کے خاتمہ کی بھی اپیل کی۔
نریندر مودی نے اس دوران مشرقی یورپی ممالک میں موجود نیوکلیئر تنصیات کے تحفظ کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے کے عوامی صحت اور ماحولیات پر دور رس اور تباہ کن اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
مودی نے زیلینسکی سے کہا کہ ہندوستان امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان دوطرفہ معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس سے پہلے دونوں لیڈروں کے درمیان پچھلے سال نومبر میں گلاسگو میں بات چیت ہوئی تھی۔