اے ڈی بی کا پاکستان کو سیلاب امداد میں ڈھائی ارب ڈالر دینےکا اعلان

اسلام آباد(اُمت نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو سیلاب امداد میں تقریباً ڈھائی ارب ڈالر دینےکا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک کےکنٹری ڈائریکٹریونگ زی اور بینک کے وفد سے ملاقات کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے بینک کے وفد کو سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں بتایا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیلاب سے ملکی معیشت پر اثرات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت نے معیشت کو نقصان سے بچانے اور معاشی ترقی کے لیے درست سمت دی ہے۔

اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کےکنٹری ڈائریکٹریونگ زی کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی سیلاب امداد میں 2.5 ارب ڈالر تک دےگا، سیلاب متاثرین کے لیے رقم کی منظوری رواں ماہ بورڈ سے لی جائےگی۔

یونگ زی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب کی روک تھام کے لیے 1.5 ارب ڈالر بھی امداد میں شامل ہوں گے۔