آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا آئینی حق ہے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا مدت ملازمت کے بعد ریٹائر ہونے کا بیان خوش آئند ہے، اس ایشو پر کلیئرٹی آگئی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تصادم کی صورت میں ہلاکتوں کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف نے کہہ دیا ہے کہ ایکسٹینشن نہیں ہوگی یہ خوش آئند بات ہے، وزیراعظم کا حق ہے کہ کسی بھی وقت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کردیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا آئینی حق ہے، فاشسٹ لیڈروں کی حلف برداری دیکھیں تو بالکل وہی حالات عمران خان کے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اگر عمران خان نے قانون توڑا تو جواب دہی ہوگی، اگر خدانخواستہ لاشیں گر گئیں تو ذمے داری عمران خان کی ہوگی، آج سیاسی چڑھائی کا وقت نہیں، آج ملک کے معاملات حل کرنے کا وقت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر نواز شریف کی نااہلی غلط تھی تو میں نہیں چاہتا عمران خان کے ساتھ بھی غلط ہو، اس پر دھیان کم دیں کہ کتنے ممبران ہیں، پرفارمنس دیکھیں۔