اسلام آباد( اُمت نیوز)پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ آزاد کشمیر پر بھارتی میڈیا کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگ گئے ہیں۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 2 سے 4 اکتوبر تک تین دن آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔آزاد کشمیر کے دورے کے دوران ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر ، تعلیمی ماہرین، کاروباری اور ثقافتی شخصیات سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں
مظفرآباد کے دورے کے دوران امریکی سفیر نے 2005 کے زلزلے کی یادگار پر پھول چڑھائے اور متاثرین کیلئے دعا کی ہے۔
اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے 75 سالہ تعلقات کے دوران جب کبھی پاکستان کو ضرورت پڑی ہے امریکا پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے موقع پر بھی امریکا کی جانب سے ریلیف اور بحالی کی مد میں پاکستان کی بھاری امداد کی گئی تھی اور امریکی افواج نے بھی امدادی سرگرمیوں کیلئے اپنا کردار ادا کیا تھا۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد پاک امریکا تعلقات کا فروغ اور دونوں ملکوں کے گہرے اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط کو اُجاگر کرنا ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے آزاد کشمیر کو آزاد کشمیر کے نام سے پکارا، جس پر بھارتی میڈیا نے شور مچانا شروع کردیا ہے۔