ایران میں مہساامینی کی ہلاکت پرشروع ہونیوالےاحتجاجی مظاہروں کی لہرجاری

تہران(امت نیوز) ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والا احتجاج تاحال جاری ہے۔
احتجاج کرنے والے طلباء وطالبات اور خاص طور پر دارالحکومت تہران کی شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے طلبہ نے اپنے زیرحراست دوستوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
طلباء نے سیکورٹی فورسز سے ان کی حراست ختم کرنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔
ایران بھر میں ختم نہ ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یونیورسٹیوں میں فیکلٹی ممبران نے بھی مظاہروں میں شرکت کرتے ہوئے زیرحراست طلبہ کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
تہران کے ساتھ ساتھ کئی شہروں کی یونیورسٹیوں میں بھی مظاہرے کیے گئے اور بعض یونیورسٹیوں بالخصوص "تبریز” اور "شریف ٹیکنالوجی” یونیورسٹیوں میں سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کی۔
مظاہروں کے دوران کچھ طلبہ زخمی ہوئے اور سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔