جناح اسپتال میں گٹر ابل پڑے۔مریض گندے پانی میں گزرنے پر مجبور

کراچی (رپورٹ اطہر فاروقی ) شہر سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح کے سرجیکل بلڈنگ اور نیورو سرجری میں آنے والے افراد سیوریج کے پانی سے گزرنے لگے،شدید گندگی اور تعفن کی وجہ سے مریض و تیمار دار شدید پریشان

 

ہو رہے ہیں۔تیمار دار اپنے پیاروں کو اسٹریچر اور وہیل چیئرز پر وارڈوں میں لے جانے کے لئے گندے پانی سے گزر رہے ہیں۔سرجیکل وارڈز میں آنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔مریضوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سے کئی بار شکایات کی گئیں لیکن وہ سننے کو تیار نہیں۔اسپتال میں باتھ رومز بھی صاف نہیں کئی جگہ پانی ٹپک رہا ہے۔
جناح اسپتال کے ترجمان جہانگیر درانی نے اس حوالے سے امت کو بتایا کہ اچانک لائن چاک ہوئی ہے اور عملے کو اس کام کے لئے بھیج دیا ہے۔جلد ہے صفائی اور لائن کو ٹھیک کر دیا جائے گا۔

جناح اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا کہ دو سال سے مذکورہ بلڈنگ بند تھی کیونکہ سرجیکل وارڈ کی نئی عمارت تعمیر ہو چکے ہیں۔ البتہ اس وقت مذکورہ عمارت میں ڈینگی کا وارڈ بنایا گیا ہے۔ عمارت بند ہونے کی وجہ سے سیوریج کا مسئلہ اچانک سامنے آیا ہے ہنگامی طور پر عملے کو اس کام پر لگا دیا ہے۔