شاہ محمود کے خلاف کارروائی
فائل فوٹو

عمران خان کے قریبی ساتھی طارق شفیع کے گھر ایف آئی اے کا پڑاؤ

پاکستان تحریک انصاف کیلئے بیرون ممالک سے غیر قانونی طور پر رقوم کی پاکستان منتقل کرنے کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی عہدیدار اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دست راست طارق شفیع کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارنے والی ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سرکل کی ٹیم نے ملزم کے گھر کے باہر پڑاؤ ڈال دیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹیم ممکنہ طور پر جمعہ کو عدالت سے سرچ وارنٹ لینے کے بعد گھر کی تلاشی لے گی۔
ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سرکل ٹیم جمعرات کی دوپہر کے ڈی اے اسکیم ون میں طارق شفیع کی رہائش گاہ پہنچی۔ اہل خانہ ان کے مطابق طارق شفیع رہائش گاہ پر موجود نہیں جبکہ ایف آئی اے حکام کو شبہ ہے کہ وہ گھر میں ہی موجود ہیں۔
اسٹیٹ بینک سرکل کراچی میں اس سلسلے میں 5 اکتوبر کو ایف آئی آر نمبر 14/2022 درج کی گئی ہے۔ مقدمے میں سید عارف مسعود نقوی، پی ٹی آئی عہدیدار طارق شفیع اور محمد رفیع لاکھانی نامزد ملزم ہیں جب کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں شامل ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔