سیلاب زدگان جب تک چاہیں ملیر کےمیگا ٹینٹ سٹی میں رہ سکتےہیں۔کمشنرکراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد اور وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے صحافیوں سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔
دوران ملاقات صحافیوں نے کراچی میں سیلاب متاثرین کو درپیش مشکلات اور ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نیگلیریا سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
کمشنر کراچی نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ملیر میں میگا ٹینٹ سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سندھ حکومت متاثرین کے لئے بہترین کام کر رہی ہے، ملیر ٹینٹ سٹی میں متاثرین کو کھانے، پینے، صحت، تعلیم سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، متاثرین کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، ہم ان کو ہر سہولت فراہم کرینگے۔
کمشنر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، ہم ان کی ہر ممکن خدمت کرینگے اور کررہے ہیں۔ یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا ہے۔ اپنے لوگوں کی مدد کرنے کا وقت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گوٹھوں سے پانی جب تک اتر نہیں جاتا، تب تک وہ یہاں بیٹھ سکتے ہیں، کوئی ان کو یہاں سے نہیں اٹھائے گا، وہ جب تک چاہیں ملیر کے میگا ٹینٹ سٹی میں قیام کرسکتے ہیں۔