اسٹاک ہوم(امت نیوز) 2022ء کے لیے ادب کا نوبل انعام فرانس سے تعلق رکھنے والی مصنفہ اینی ایرنو(Annie Ernaux) نےجیت لیا ہے۔
سوئیڈش اکیڈمی کی جانب سے اینی ایرنو کو ادب کا نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔
ادب کے نوبل انعام کے فاتح کا فیصلہ 18 رکنی سوئیڈش اکیڈمی کرتی ہے اور عموماً اس مقصد کے لیے کسی مصنف کے زندگی بھر کے کام اور خدمات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اینی ایرنو فرانس کی روزمرہ کی زندگی کے گرد گھومنے والے ناول تحریر کرتی ہیں اور اپنے ملک کی بہت زیادہ معروف مصنفہ ہیں۔
نوبل کمیٹی کے مطابق اینی ایرنو نے صنفی، لسانی اور طبقاتی عدم مساوات کا گہرائی میں مشاہدہ کرکے اس کے مختلف پہلوؤں کو اپنے کام کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیا۔
اینی ایرنو 1940 میں پیدا ہوئیں اور ان کا بچپن ایک چھوٹے سے قصبے Yvetot میں گزرا۔
1974 میں ان کا پہلا ناول Les armoires vides شائع ہوا مگر انہیں حقیقی معنوں میں شہرت چوتھے ناول ’اے مینز پلیس‘ سے ملی۔
ان کے 2 ناولوں ’’اے مینز پلیس‘‘ اور ’’اے ویمنز اسٹوری‘‘ کو فرانس میں کلاسیک کا درجہ حاصل ہے۔