اسلام آباد:ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے بانی رکن حامد زمان کو لاہوراورسینیٹر سیف اللہ نیازی کو اسلام آباد سے فارن فنڈنگ کیس میں گرفتارکرلیا۔
میڈیا رپورتس کے مطابق حامد زمان کو لاہور میں وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتارکیا گیاہے ، انہیں فارن فنڈنگ کیس کے سلسلے میں حساب مانگنے کیلیے بلایا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئےجس کے بعد گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ، انصاف ویلفیئر ٹرسٹ کے اکاﺅنٹ میں 2008 میں چھ لاکھ ڈالر آئے تھے اور اس وقت حامد زمان ٹرسٹ کے سیکریٹری تھے ۔
تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو ایف آئی اے نے سینیٹ کے احاطے سے گرفتارکرلیا ، انہیں بھی ممکنہ طور پر فارن فنڈنگ کیس میں ہی گرفتار کیا گیاہے ، 2013 میں چھ لاکھ 25 ہزار ڈالر انصاف ویلفیئر ٹرسٹ کے اکاﺅنٹ میں آئے تھے ۔
سیف اللہ نیازی پر’نامنظور‘ ویب سائٹ چلانے کا الزام ہے۔ یہ ویب سائٹ غیرقانونی طور پر فنڈ ریزنگ کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہناہے کہ حامد زمان کو ایف آئی اے کے بینکنگ سرکل کی جانب سے کارروائی کے دوران گرفتارکیا گیاہے ، یہ گرفتاری ایف آئی اے ڈائریکٹر جہانزیب کی ہدایت پرعمل میں لائی گئی ہے ۔
پی ٹی آئی کے رہنما افتخار درانی نے بیان میں کہا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے اغوا کرلیا گیا۔ پہلے بھی ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا اور ذاتی سامان تحویل میں لے لیا گیا تھا۔ قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں آج تک پاکستان میں ایسا نہیں ہوا۔