لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی حکومت کو لانگ مارچ کی دھمکی دے دی ۔ سراج الحق نے لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواجہ سراؤں اور ان کے حقوق کے خلاف نہیں ہیں۔ حکمران مغربی ایجنڈے کو مغرب کی طرح فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں بھی اس قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور اگر ٹرانس جینڈر بل واپس نہ لیا گیا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ تمام دینی جماعتیں اس ایجنڈے پر متفق ہیں اور حکومت اس قانون کو فی الفور واپس لے ورنہ قوم لانگ مارچ کے لیے تیار ہو جائے جبکہ سیاسی جماعتیں بھی اس قانون کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چوروں ڈاکوؤں کے لیے اقتدار کے راستے کھولنا چاہتی ہے جبکہ حکومت صادق اور امین کے قانون کو واپس لینا چاہتی ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے۔