لاہورایئرپورٹ پر عمرہ زائر کا سفری سامان گم، متعلقہ حکام خاموش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جدہ سے لاہورایئرپورٹ پہنچنے والے عمرہ زائر کا سفری سامان گم ہوگیا ، بعض مسافروں کے بیگز کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے ،سامان غائب ہونے پر سی اے اے سے شکایت درج کرنے پر عملے نے کوئی تعاون نہیں کیا، سی اے اے ترجمان نے واقعہ کو معمول قرار دیتے ہوئے معاملے پر کارروائی کی یقین دہانی کرادی ۔

عمرہ زائرین کا سفری بیگ گم و بیگز کے تالے ٹوٹنے کا واقعہ

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز کے عمرہ زائرین کا سفری بیگ گم و بیگز کے تالے ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا ، یہ پرواز 6 اکتوبر کی شب ڈیڑھ بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچی تھی ، اس پرواز میں موجود 5عمرہ زائرین میں سے ایک کا بیگ گم ہوگیا اور دیگر کے بیگز کے تالے ٹوٹے ہوئے ملے جس میں سامان غائب تھا ، متاثرین نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے سے شکایت کی تو انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ، ان میں سے ایک مسافر نے امت کو بتایا کہ کچھ بیگ کے لاک بھی ٹوٹے ہوئے ملے ، سعودی ایئر لائن کا مسافروں کے سامان کو واپس کرنے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں، مسافر اپنی مرضی سے بیگ اٹھاتے نظر آئے ۔

سی اے اے کے عملے کی ٹال مٹول

بیگ گم ہونے اور دیگر بیگز کے تالے ٹوٹے ہونے کی شکایت درج کرنے گئے تو سی اے اے کے عملے نے بیگز کے تمام کوپن لے لئے اور شکایتی نمبر بھی نہیں دیا، بعدازاں رابطہ کرنے پر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے ، مسافروں نے سی اے اے حکام سے مطلابہ کیا ہے کہ سعودی ایئرلائن کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے ، متاثرین کو ان کا قیمتی سامان واپس دلایا جائے اور چوری میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ،اس ضمن میں سی اے اے کے ترجمان نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر سامان کی گمشدگی معمول کی بات ہے ، سی اے اے کا عملہ فرض شناس ہے اور آپ آئے روز یہ خبریں بھی سنتے ہیں کہ سی اے اے کے ملازم نے قیمتی اشیا سے بھرا بیگ یا لاکھوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی اس کے حقدار کو خود ڈھونڈ کر واپس کی ، انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاملے کا علم نہیں ہے تاہم ایئر پورٹ منیجر سے اس سلسلے میں بات کریں گے ، انہوں نے کہا کہ سی اے اے کا کوئی عملہ کسی بھی غیر قانونی کام کرتے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔