تل ابیب(امت نیوز) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز نے لبنان کے ساتھ سمندری سرحد کی حد بندی سے متعلق حالیہ پیش رفت کی بناء پر سیکورٹی کی صورتحال کے بگڑنے کے خدشہ پر اپنی فوج کو ” چوکس” رہنے کی ہدایت کردی۔
اسرائیلی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق گانٹز نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدام کریں اور کسی بھی صورتحال کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں۔
گزشتہ دنوں اسرائیل نے سمندری سرحدوں کی حد بندی کے معاہدے کے مسودے میں لبنان کی تجویز کردہ ترامیم کو مسترد کردیا تھا۔
ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل کو ثالثوں کی تجویز پر لبنانی ردعمل موصول ہوا۔ وزیراعظم یائر لیپڈ کو لبنان کی بنیادی تبدیلیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے مذاکراتی ٹیم کو معاہدہ مسترد کرنے کی ہدایت کردی۔
ایک لبنانی عہدیدار نے کہا کہ لبنان کو اسرائیلی ردعمل کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا اور ہم امریکیوں کی جانب سے باضابطہ طور پر مطلع کیے جانے سے پہلے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
ایک امریکی عہدیدار نے کہا ہے لبنان اور اسرائیل کے درمیان مشترکہ سمندری سرحدوں کی حد بندی کے لیے مذاکرات نازک مرحلہ میں ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی میں حائل خرابیوں کو کم کرلیا گیا ہے۔
اسرائیل اور لبنان میں سمندری سرحدوں کی حد بندی کے متعلق حزب اللہ بار بار اسرائیل کو خبردار کرتی آ رہی ہے کہ کسی معاہدہ تک پہچنے سے پہلے اسرائیل کارش فیلڈ میں کسی قسم کی سرگرمی شروع کرنے سے باز رہے۔