لاہور(اُمت نیوز) شیخوپورہ میں ایک شخص نے سوتے ہوئے 8 افراد کو کلہاڑی کے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے قریبی شہر شیخوپورہ کے نواحی گاؤں ہیچڑ میں مختلف مقامات پر رات کو سوتے ہوئے 8 افراد کو کلہاڑی کے وار سے قتل کیا گیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، جس کے بارے میں تبایا جا رہا ہے کہ گرفتار کیا گیا شخص بظاہر ذہنی معذوردکھائی دیتا ہے۔
افسوس ناک واقعے کے بعد گرفتار کیے گئے شخص کا نام ابتدائی طور پر فیض بتایا جا رہا ہے، جس نے رات کو سوئے ہوئے افراد کو کلہاڑی اور آہنی راڈ سے قتل کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نےتمام قتل رات تقریباً 3 بجے کے قریب کیے۔ واقعے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جب کہ پولیس نے قتل کے مقامات سے شواہد جمع کیے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی اور لواحقین کو انصاف کی ہرصورت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے بھی آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔