کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے نوماہ کی بچی کی ہلاکت کیسے ہوئی ،قریبی عزیز نے تفصیل بیان کر دی ۔
نو ماہ کی انابیہ کے ماموں اویس نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لڑکوں کے چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں جب کہ پیچھے سے پولیس کی گولیاں چل رہی تھیں، یہ معلوم نہیں کہ بچی کو گولی کس کی لگی تاہم زیادہ شبہ یہ ہے کہ بچی پولیس کی گولی سے جاں بحق ہوئی ۔
دوسری طرف پولیس کا دعوی ہے کہ ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔زخمی خاتون 24 سالہ حنا زوجہ اراشد کا بھی یہی کہنا ہے کہ ان کو پولیس کی گولیاں لگیں کیونکہ جب انہوں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو پولیس والے فائرنگ کر رہے تھے جبکہ ڈاکو پہلے ہی ہوائی فائرنگ کر کے بھاگ گئے تھے ۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی انابیہ کے والد ٹیلر ماسٹر ہیں اور ان کی فیملی لیاقت آباد میں رہائش پذیر ہے ۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ماں بیٹی رکشے میں سوار تھے، پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر بچی جاں بحق اور خاتون زخمی ہوئی۔