عید میلاد النبیﷺ پر روح پرور محافل ذکر مصطفیﷺ کا انعقاد

کراچی ( بزنس رپورٹر ) خاتم النبیّن رحمت اللعالمین مُحَمَّد ﷺ کے جشنِ ولادتِ باسعادت کے موقع پر تمام عالم اسلام کی طرح کراچی میں بھی تمام مکاتبِ فکر کی جانب سے محافلِ ذکرِ مصطفٰی ﷺ کے انعقاد نے چہار سو نورکی محفلیں سجارکھی ہیں۔ اسی ضمن میں کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں گزشتہ تیس سال سے محفلِ مُرتضٰی کمیٹی کے تحت منعقد کیئے جانے والے ہفتہ وحدت کے سلسلے میں امسال بھی ایک جلسہ اتحاد بین المسلمین منعقد کیا گیا۔ ہفتہ وحدت کے عنوان سے اتحاد بین المسلمین کی محافل میلاد میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، ذاکرین و مشائخ نے سیرت نبوی ﷺ پر مذاکرہ کیا جبکہ مختلف مکاتب فکر کے نعت خوانوں نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ پیش کیا۔ محفل مرتضی کے تحت جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اتحاد بین مسلمین کے جلسے سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ رسول اکرمﷺ کی تعلیمات اور نبی کریم ﷺ کی اطاعت پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کو سنوارا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں ہونے والے مذاکرے سے علامہ اصغر درس ،مولانا غلام رضا روحانی ، پیارعلی غلام حیدر ، شیخ علی اصغر بھائی ، ملامسیح الدین نمی والا اور دیگر نے خطاب کے دوران کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اپنے مشترکات پر متحد ہوں اور اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کو سمجھیں تا کہ دنیا سے ظلم و جبر اور بر بریت کا خاتمہ ہو اور مسلمان بھی دوسری اقوام کی طرح عزت و آبرو اور اپنے اپنے عقائد و نظریات کے مطابق اپنی زندگیاں گزارسکیں تا کہ معاشرے میں امن قائم ہو اور عدل وانصاف کا دور دورہ ہو اور باہمی اتحاد کے کلچر کوفروغ دیا جا سکے۔ بعد ازاں قاری وحید ظفر قاسمی ، جوزر بھائی مصطفی بھائی مانڈی والا ، یوسف بھائی ، قاسم بھائی اور دیگر نے بارگاہ رسالت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور صاحبزادہ شاہ حسین الدین رحمانی نے درود وسلام پیش کیا۔ محفل مرتضی کے تحت منعقد ہفتہ وحدت کے سلسلے کی اس تقریب میں تمام مکاتب فکر کے علما ، ذاکرین ، سیاسی و مذہبی رہنماء شریک ہوئے ۔بعد ازاں محفل مرتضی کمیٹی کے اراکین نے مہمانوں کا شکر یہ ادا کیا اور بہترین کارکر دگی اور خدمات پر اراکین کو شیلڈ ز دی گئی ۔