نیویارک پر غیرقانونی تارکین وطن کی یلغار، ہنگامی حالت کا اعلان

واشنگٹن(امت نیوز) امریکی شہر نیویارک میں غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ انہوں نے شہر میں زمین کے استعمال کی موجودہ شرائط کو معطل کر دیا ہے اور "غیرقانونی تارکین وطن کی آمد سے نمٹنے کے لیے” ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔
میئر نے کہا کہ نیویارک میں عارضی طور پر کرائے پر لیے گئے 42 ہوٹلوں کے علاوہ پناہ گاہوں میں رہنے والے افراد کی تعداد 61 ہزار تک پہنچ گئی ہے، ان میں سے 20 ہزار بچے ہیں اور 17 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین کو بغیر اطلاع کے بسوں کے ذریعے شہر لایا گیا ہے۔
ایڈمز نے بتایا کہ تارکین وطن کی آمد ناقابل برداشت بوجھ لاتی ہے اور مالی سال کے اختتام تک ان لوگوں کے لیے پناہ گاہوں، صحت اور خوراک پر ایک بلین ڈالر خرچ ہو چکے ہوں گے، لہذا انہوں نے گرجا گھروں اور غیرسرکاری تنظیموں سے مدد کی اپیل کی ہے۔