اسلام آباد:سندھ میں نیا گورنر تعینات کردیا گیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی،صدر مملکت نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101، ایک، کے تحت دی۔گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔
سندھ کے نئے گورنر کون ہیں ؟
یاد رہے کہ کامران ٹیسوری اور فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے 5 فروری 2018 کو دو تہائی اکثریت کے فیصلے سے پارٹی سے بےدخل کردیا تھا۔ کامران ٹیسوری گزشتہ ماہ ہی ایم کیو ایم میں واپس آئے تھے اور ان کی واپسی سے ایم کیو ایم پاکستان میں ایک بار پھر سے دراڑیں آگئی تھیں۔ رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کیا تھا جس کے بعد پارٹی میں اختلافات سامنے آئے۔
رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرہ نے تحریری طور پر اپنے تحفظات ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ چند لوگوں کی خواہش کو سب کی رائے کہہ کر نہ تھوپا جائے۔ پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہاب امام نے کامران ٹیسوری کی واپسی پر مستعفی ہونے کا بھی فیصلہ کرلیا تھا۔ شہاب امام نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایم کیوایم کے دیگر کئی ہم خیال بھی ہیں جو پارٹی فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں۔