اسپتال کی ایمرجنسی میں لائے گئے ایک طالب علم کی حالت غیر ہے (فوٹو سوشل میڈیا)

میکسیکو میں اسکول کے 57 طلبہ کو زہر دے دیا گیا ۔ حالت غیر

میکسیکو(اُمت نیوز)میکسیکو کے ایک اسکول میں درجنوں طلبہ کو پرسرار طور پر زہر دیا گیا۔ جس سے 57  طلبہ کی حالت غیر ہوگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جنوبی میکسیکن ریاست چیاپاس میں پیش آیا جہاں ایک سیکنڈری اسکول میں پراسرار طور پر 57  طلبہ کو زہر دیا گیا ہے جس کے بعد طلبا کی حالت غیر ہونے پر انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چیاپاس کے اسکولوں میں بچوں کو اتنی بڑی تعداد میں زہر دینے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

اسکول انتظامیہ اس بارے میں کہتی ہیں کہ کہ فی الحال پتہ نہیں لگایا جاسکا کہ بچوں کو زہر کس نے دیا ہے البتہ والدین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ بچوں نے شاید زہریلا پانی یا کھانا کھایا ہوگا۔

اس کے علاوہ والدین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا جس پر انتظامیہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کی ایمرجنسی میں لائے گئے ایک طالب علم کی حالت غیر ہے جب کہ دیگر تمام طالب علموں کی صحت اطمینان بخش ہے۔