بھارتی واویلا مسترد

برلن میں پاک جرمن وزرائےخارجہ پریس کانفرنس پربھارتی واویلا مسترد

 

اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان نے برلن میں پاک جرمن وزرائےخارجہ پریس کانفرنس پربھارتی واویلا مسترد کر دیا ہے۔

 

ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاک جرمن وزرائےخارجہ نے تنازع جموں وکشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل پر زور دیا تھا، وزرائےخارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا، بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری میں بڑھتی تشویش کو واضح کیا۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ریمارکس غیرقانونی قبضےکی وجہ سے عالمی سطح پر تنہا ہونےکی مایوسی ظاہرکرتے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کے خدشات دور کرے۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کامیابیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، بھارت ایف اے ٹی ایف میں اپنی رکنیت کاغلط استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے، ایف اے ٹی ایف غیر ذمہ دارانہ بھارتی طرز عمل کا نوٹس لے۔

 

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرے، عالمی برادری کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق دیا جائے۔